کوئٹہ میں گیس پائپ لائن میں آتشزدگی سے متعدد علاقوں کو فراہمی معطل، بحالی میں وقت لگنے کا امکان ہے، سدرن گیس کمپنی
کوئٹہ (یو این اے) کوئٹہ کے علاقے مغربی بائی پاس پر گزشتہ روزگیس کی مین پائپ لائن اچانک زوردار دھماکے سے پھٹ گئی، جس کے باعث گرد و نواح میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے حکام اور تکنیکی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور حفاظتی اقدامات کے طور پر گیس کی فراہمی منقطع کر دی۔ اس تعطل کی وجہ سے کوئٹہ شہر کے ایک بڑے حصے کو گیس کی سپلائی معطل ہوگئی ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ گیس کمپنی کے ذرائع کے مطابق، پائپ لائن کو پہنچنے والا نقصان نوعیت میں پیچیدہ ہے اور اس کی مرمت کے لیے درکار مخصوص پائپ کا ٹکڑا کوئٹہ میں دستیاب نہیں، جسے اب ہنگامی بنیادوں پر کراچی سے منگوایا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کراچی سے پائپ کی آمد اور اس کی تنصیب کے عمل میں کچھ وقت لگ سکتا ہے، جس کے بعد ہی متاثرہ علاقوں میں گیس کی فراہمی مکمل طور پر بحال ہو سکے گی۔


