دالبندین میں مسلح افراد کا مائننگ کمپنی کی سائٹ پر حملہ، سیکورٹی گارڈ سمیت 10 افراد جاں بحق، مشینری کو آگ لگا دی، پولیس ذرائع
چاغی (ویب ڈیسک) دالبندین میں مسلح افراد کا مائننگ کمپنی کی سائٹ پر حملہ، غیر ملکی باشندے سمیت 10 افراد جاں بحق۔ پولیس ذرائع کے مطابق ضلع چاغی کے ضلعی ہیڈکوارٹر دالبندین سے 120 کلومیٹر دور علاقے دریگون میں واقع نیشنل ریسورسز لمیٹڈ (این آر ایل) کی مائننگ سائٹ پر مسلح افراد کی جانب سے حملہ کیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں میں سوار چالیس سے زائد مسلح افراد نے سائٹ پر مختلف اطراف سے حملہ کیا۔ چھوٹے ہتھیاروں کے استعمال کے علاوہ راکٹ کے گولے بھی داغے۔ حملے میں دس افراد جاں بحق ہوئے جن میں سات مزدور اور کمپنی کی سیکورٹی پر مامور تین گارڈ شامل ہیں۔ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق مسلح افراد کچھ ملازمین کو یرغمال بناکر لے گئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق مائننگ منصوبے کی سیکورٹی پر تعینات نجی سیکورٹی کمپنی کے مقامی ملازمین نے مزاحمت کی جس پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا تاہم مقابلے میں تین سیکورٹی گارڈ مارے گئے۔ مسلح افراد نے ڈرلنگ مشینری، جنریٹر اور دیگر آلات کو آگ لگا دی۔ اس دوران فائرنگ اور راکٹ گولے لگنے سے ایک فیول ٹینک پھٹ گیا جس کی زد میں آکر کئی ملازمین جھلس گئے اور ان کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ مسلح افراد جاتے ہوئے کئی گاڑیاں بھی اپنے ساتھ لے گئے۔ پولیس افسر کے مطابق کچھ ملازمین نے بھاگ کر قریبی گاﺅں میں پناہ لی۔ لاشوں اور زخمیوں کو دالبندین کے پرنس فہد ہسپتال لایا گیا جہاں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر لونگ خان نے تصدیق کی کہ اسپتال میں دس افراد کی لاشیں لائی گئی ہیں جن میں سے سات جھلسنے سے ہلاک ہوئے ہیں جبکہ تین کو گولیاں لگی تھیں۔


