ایک طرف ملک بھر میں جشن، دوسری طرف بنوں سے آنیوالی خبریں، ہمیں بتایا جائے گزشتہ 50 سال سے ہمیں کون مار رہا ہے، ایمل ولی
پشاور (ویب ڈیسک) اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایک طرف ملک بھر میں جشن منایا جارہا ہے، جبکہ دوسری طرف بنوں سے آنے والی خبریں اور ویڈیوز واضح کر رہی ہیں کہ پشتونوں کی زندگیاں ریاست پاکستان کے لیے کتنی اہمیت رکھتی ہیں۔ ہم بارہا مطالبہ کر رہے ہیں کہ دہشتگردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جائیں، مگر آج بھی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ذمہ داران ایک دوسرے پر الزامات لگا کر آگے بڑھ جائیں گے اور ہم لاشیں ہی اٹھاتے رہیں گے۔ جشن پختون بھی منانا چاہتے ہیں، لیکن ایک ٹرتھ اینڈ ری کنسیلی ایشن کمیشن بھی قائم کیا جائے تاکہ کم از کم ہمیں اپنے قاتلوں کا تو علم ہوسکے کہ گزشتہ 50 سال سے ہمیں کس نے مارا؟ اللہ بنوں کے شہداءکے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور زخمیوں کو صحتِ کاملہ نصیب فرمائے۔


