بلوچستان اسمبلی کا 19 واں اجلاس5 مئی کو طلب، پہلے روز صرف غیر سرکاری کارروائی ہوگی

کوئٹہ (یو این اے) بلوچستان صوبائی اسمبلی کا 19واں اجلاس 5 مئی بروز منگل کو طلب کر لیا گیا ہے، جس کے لیے اسمبلی سیکرٹریٹ نے سوالات و جوابات اور پارلیمانی کارروائی کا ترمیم شدہ پروگرام )شیڈول( جاری کر دیا ہے۔ شیڈول کے مطابق اجلاس کے پہلے روز یعنی 5 مئی کو کوئی سرکاری کارروائی نہیں ہوگی بلکہ یہ دن صرف غیر سرکاری امور کے لیے مختص کیا گیا ہے، جس میں اراکینِ اسمبلی نجی قراردادیں، توجہ دلا نوٹس اور دیگر عوامی مسائل ایوان میں پیش کرسکیں گے۔ اسمبلی حکام کا کہنا ہے کہ شیڈول کو اراکین کی سہولت اور متعلقہ محکموں کی تیاری کے پیشِ نظر ترتیب دیا گیا ہے تاکہ پارلیمانی عمل کو موثر بنایا جاسکے۔ اجلاس کے دوران مختلف ایام میں اہم صوبائی محکموں بشمول پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، صنعت و حرفت، خزانہ، ایس اینڈ جی اے ڈی، لائیو اسٹاک، منصوبہ بندی و ترقیات اور محکمہ کھیل سے متعلق سوالات ایوان میں پیش کیے جائیں گے۔ ان محکموں کے وزرا اور پارلیمانی سیکرٹریز ترقیاتی منصوبوں، مالی امور، نئی بھرتیوں، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور کھیلوں کے فروغ جیسے اہم موضوعات پر اراکین کے سوالات کے جوابات دیں گے۔ پارلیمانی حلقوں کے مطابق یہ اجلاس صوبے میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری، امن و امان کی صورتحال اور ترقیاتی فنڈز کے اجرا جیسے حساس معاملات کے باعث سیاسی طور پر انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس میں اپوزیشن کی جانب سے سخت سوالات متوقع ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں