ایرانی آئل ٹینکر کو نشانہ بناکر امریکا نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی ہے، ایران
خاتم الانبیا مرکزی ہیڈکوارٹرز نے امریکا پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے جاسک کے قریب ایرانی آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق ایک اور جہاز کو آبنائے ہرمز کے قریب نشانہ بنایا گیا۔ یہ جہاز فجیرہ بندرگاہ کے سامنے آبنائے ہرمز میں داخل ہو رہا تھا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ امریکی فوج نے شہری علاقوں پر بھی فضائی حملے کیے۔ یہ حملے بندر خمیر، سیریک اور جزیرہ قشم کے ساحلی علاقوں کے قریب کیے گئے خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے مطابق ایران کی مسلح افواج نے فوری جوابی کارروائی کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مشرق اور چابہار کے جنوب میں امریکی جہازوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی تیل تجارت کا انتہائی حساس سمندری راستہ ہے۔ یہاں کسی بھی فوجی کارروائی سے توانائی منڈیوں اور جہاز رانی پر فوری اثر پڑ سکتا ہے۔


