سی پی این ای کی نئی قیادت آزاد، ذمہ دار اور باوقار صحافت کے فروغ کیلئے موثر کردار ادا کرے گی، کراچی پریس کلب کی نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی پریس کلب نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے۔ کراچی پریس کلب سے جاری بیان میں پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکرٹری اسلم خان اور مجلس عاملہ نے سی پی این ای کے نومنتخب صدر کاظم خان، سینئر نائب صدر ایاز خان، سیکرٹری جنرل غلام نبی چانڈیو، ڈپٹی سیکرٹری تنویر شوکت، فنانس سیکرٹری عارف بلوچ، انفارمیشن سیکرٹری منزہ سہام، نائب صدر سندھ قاضی اسد عابد، نائب صدر راولپنڈی/اسلام آباد شکیل ترابی، نائب صدر پنجاب میاں احمد حسن، نائب صدر خیبر پختونخوا طاہر فاروق، نائب صدر بلوچستان انور ساجدی، جوائنٹ سیکرٹریز مقصود یوسفی (سندھ)، منیر بلوچ (بلوچستان)، تنویر صدیقی (خیبر پختونخوا)، بابر نظامی (پنجاب) اور یحییٰ سدوزئی (راولپنڈی/اسلام آباد) اور دیگر منتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ نئی قیادت ملک میں آزاد، ذمہ دار اور باوقار صحافت کے فروغ کے لیے موثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ سی پی این ای ملک کے اخباری اداروں اور مدیران کی ایک معتبر نمائندہ تنظیم ہے، جس نے ہر دور میں آزادی صحافت، جمہوری اقدار اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کاظم خان اور ان کی ٹیم کا بلامقابلہ انتخاب اس امر کا ثبوت ہے کہ صحافتی برادری کو ان کی قیادت پر مکمل اعتماد حاصل ہے۔ پریس کلب کے عہدیداروں نے کہاکہ موجودہ دور میں صحافت کو جن چیلنجز کا سامنا ہے، ان میں اظہارِ رائے کی آزادی، صحافیوں کا تحفظ، اخباری صنعت کو درپیش معاشی مشکلات اور ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات شامل ہیں، ایسے میں سی پی این ای کی نئی قیادت کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں۔ کراچی پریس کلب کی قیادت نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب عہدیداران صحافتی اداروں کے استحکام، صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ اقدار کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کریں گے۔فاضل جمیلی، اسلم خان اور مجلس عاملہ نے کہا کہ کراچی پریس کلب صحافتی تنظیموں کے ساتھ مل کر آزادی صحافت اور جمہوری روایات کے استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا۔ انہوں نے سی پی این ای کے تمام منتخب اراکین اور اسٹینڈنگ کمیٹی کے ممبران کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔


