حکومت خاتون ڈاکٹر کی مد د میں خود جھلسنے والا عبدالرزاق ترکئی جیسے بہادر افراد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، وزیراعلیٰ

کوئٹہ(این این آئی ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سول اسپتال کوئٹہ میں تیزاب گردی کے افسوسناک واقعہ کے دوران متاثرہ لیڈی ڈاکٹر کو بچانے کی کوشش میں خود بھی جھلسنے والے بہادر پیرا میڈیکس اسٹاف عبدالرزاق ترکئی سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کے جذبہ ایثار و قربانی کو خراج تحسین پیش کیا وزیراعلیٰ بلوچستان نے عبدالرزاق ترکئی کی بہادری، فرض شناسی اور انسان دوستی کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ایک انسان کی جان بچانے کے لیے جس جرات اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ فخر اور پوری قوم کے لیے ایک روشن مثال ہے میر سرفراز بگٹی نے گفتگو کے دوران عبدالرزاق ترکئی کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ مشکل ترین حالات میں انسانی جان بچانے کے لیے آگے بڑھنا غیر معمولی حوصلے اور اعلیٰ انسانی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ایسے بہادر اور فرض شناس افراد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ عبدالرزاق ترکئی کے علاج معالجے کے تمام اخراجات حکومت بلوچستان برداشت کرے گی اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو انہیں کوئٹہ سے باہر کراچی سمیت ملک کے بہترین طبی مراکز میں بھی علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی تاکہ ان کی مکمل صحت یابی یقینی بنائی جا سکے اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے عبدالرزاق ترکئی کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے باہمت اور انسان دوست افراد معاشرے کا قیمتی سرمایہ ہیں، جن کی خدمات اور قربانیاں ہمیشہ قابلِ احترام رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں