عوام محتاط رہیں بلوچستان سمیت پورے خطے کو جنگ و خونریزی کا اکھاڑہ بنانے کی سازشیں جاری ہیں، مولانا فضل الرحمان
کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بلوچستان سمیت پورے خطے کو جنگ و خونریزی کا اکھاڑہ بنانے کی سازشیں جاری ہیں عوام ہوشیار رہیں جماعت کے تمام ذمہ داران بالخصوص علماء کرام امن اتحاد اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا مو¿ثر کردار ادا کریں ۔یہ بات انہوں نے صوبائی امیر سنیٹر مولانا عبدالواسع کی موجودگی میں جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق اور سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس کی قیادت میں ضلعی مجلسِ عاملہ کے اراکین نے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران ضلعی قیادت نے قائدِ جمعیت کو ضلع کوئٹہ میں جماعتی سرگرمیوں تنظیمی امور اور عوامی خدمات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی مولانا فضل الرحمن نے ضلعی جماعت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کی کاوشوں کو سراہا اور مزید کامیابیوں کے لیے دعا کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ امن و استحکام کو نقصان پہنچانا ہمیشہ شیطانی اور استعماری قوتوں کا وطیرہ رہا ہے۔بلوچستان سمیت پورے خطے کو جنگ و خونریزی کا اکھاڑہ بنانے کی سازشیں جاری ہیں عوام ہوشیار رہیں قومیت لسانیت اور فرقہ واریت کی بنیاد پر نفرتوں کو فروغ دے کر خانہ جنگی کی فضا پیدا کرنا دشمن قوتوں کی ضرورت ہے لہٰذا عوام بالخصوص بلوچستان کے باشعور شہری ان سازشوں کو سمجھیں اور ان کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے متحد رہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ ملک اور معاشرے کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور اپنے اصولی مو¿قف سیاسی بصیرت اور عوامی جدوجہد کے ذریعے ان مذموم عزائم کو ناکام بنایا ہے۔ آج بھی جماعت کے تمام ذمہ داران پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ امن، اتحاد اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنا مو¿ثر کردار ادا کریں۔قائدِ جمعیت نے کہا کہ علماء کرام معاشرے میں امن وحدت رواداری اور بھائی چارے کے سفیر ہیں۔ نفرتوں تعصبات اور تقسیم در تقسیم کے خاتمے کے لیے علماء کرام کی جدوجہد اور لازوال قربانیاں ہمیشہ تاریخ کا روشن باب رہیں گی۔ انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی پرائی جنگ کا ایندھن بننے سے گریز کریں اور جذباتیت کے بجائے سنجیدگی حکمت اور بصیرت کا مظاہرہ کریں کیونکہ قوموں کی ترقی اور استحکام شعور اتحاد اور مثبت کردار سے وابستہ ہوتا ہے۔ملاقات میں جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کی ضلعی مجلسِ عاملہ کے اراکین حافظ رشید احمد، مولانا سعید احمد، حاجی رحمت اللہ کاکڑ، حافظ شبیر احمدمدنی، حاجی قاسم خان خلجی، حاجی ولی محمد بڑیچ، حاجی صالح محمد، مفتی نیک محمد فاروقی، رحیم الدین ایڈوکیٹ، عبدالصمد حقیار، مولانا محمد عارف شمشیر، مولانا شعیب جدون، مفتی روزی خان بادیزئی، صفی اللہ مینگل، شاہ زاہد مشوانی، مفتی ابوبکر، مفتی محمد رضا خان، میر سرفراز شاہوانی، حاجی ظفراللہ کاکڑ، مولانا سید سعداللہ آغا، مولوی نقیب اللہ ملاخیل، عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی، حاجی عطائ محمد شمشوزئی اور دیگر موجود تھے۔


