وزیراعلیٰ بلوچستان کا باغات کے حوالے سے بیان حقیقت پر مبنی ہے،بابر یوسفزئی
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر داخلہ کے معاون بابر یوسفزئی نے سوشل میڈیا کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا باغات کے حوالے سے بیان حقیقت پر مبنی ہے،نجی جائیداد یا باغ دہشت گردی کے لیے استعمال ہوگا تو ریاست قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔کسی شخص کو اپنی نجی جائیداد یا باغ دہشت گردوں کو فراہم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔عسکریت پسندوں کو پناہ یا سہولت فراہم کرنے والے عناصر کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔ گزشتہ چند ماہ میں شدت پسندوں کی جانب سے باغات اور دیگر نجی مقامات کو چھپنے اور حملوں کے لیے استعمال کرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں،عسکریت پسند باغات میں چھپ کر معصوم شہریوں اور مسافروں کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کسی طبقے، قوم یا برادری کو ٹارگٹ نہیں کیا، بلکہ عسکریت پسندی کے ایک اہم پہلو کی نشاندہی کی ہے، نجی ملکیت کا احترام اپنی جگہ، لیکن اسے عسکریت پسندی کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔بلوچستان اور پاکستان کے پائیدار امن کے لیے ہمیں متحد ہو کر عسکریت پسندی کا مقابلہ کرنا ہوگا، خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ریاستی اقدامات ناگزیر ہیں۔


