بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جائے، عمران خان کی منظوری کے بغیر خیبر پختونخوا کا بجٹ پاس نہیں کریں گے، سہیل آفریدی

اسلام آباد (آئی آئی پی)وزیراعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جب تک بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور ان کی منظوری حاصل نہیں ہو جاتی، تب تک خیبر پختونخواکا بجٹ پاس نہیں کیا جائے گا۔ ایک بیان میں وزیراعلی سہیل آفریدی نے کہا کہ کوئی بھی ان کی حکومت کو ہلا نہیں سکتا اور بجٹ کے حوالے سے حتمی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کی مشاورت سے کیا جائے گا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک اجلاس کے آغاز میں اپنی تقریر کے دوران کہا تھا کہ سہیل آفریدی ہم سے متفق نہیں ہیں اور ہمارے درمیان سیاسی اختلافات موجود ہیں، جن پر میں اجلاس کے بعد بات کروں گا، تاہم بعد میں یہ حصہ وزیراعظم کی تقریر سے نکال دیا گیا،سہیل آفریدی کے مطابق اجلاس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے تمام وزرائے اعلیٰ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں ان سے بھی ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اس ملاقات کی وڈیو بنائی گئی، جس میں وہ ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھے ہوئے تھے جبکہ وزیراعظم سادہ انداز میں بیٹھے تھے۔ وزیراعلیٰ نے مزید دعویٰ کیا کہ ویڈیو بنانے والا شخص باہر جانے کے بعد دوبارہ بلایا گیا، جس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے بھی ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بیٹھنے کا انداز اختیار کیا اور ملاقات کی ویڈیو دوبارہ ریکارڈ کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں