آزادی کے نام پر بھتے لینا اور معزز لوگوں کا قتل کھلی دہشتگردی ہے، پانی سر سے گزر چکا، دہشتگردوں کو ان کے کیے کی سزا بھگتنا پڑے گی، نواب ثنا اللہ زہری
اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماءوزیراعلیٰ بلوچستان چیف آف جھلاوان نواب ثناءاللہ خان زہری نے اپنے بیان میں زہری کے ممتاز قبائلی رہنماءوڈیرہ محمد ابراہیم سلمانجو زہری کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کو بزدلانہ اور دہشت گردانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کے نام پر معصوم اور معزز لوگوں کو سفاکیت سے قتل کرنا، لوگوں سے بھتہ لینا کھلی دہشت گردی ہے، اب پانی سر سے گزر چکا ہے، دہشت گردوں کو اپنے کیے کی سزا بھگتنا پڑے گی۔ سابق وزیر اعلیٰ نواب ثنا اللہ خان زہری نے مزید کہا کہ دہشت گردوں نے وڈیرہ محمد ابراہیم سلمانجو زہری کو اغوا کے بعد تشدد کرکے سفاکیت سے شہید کیا اور ان کی لاش کی بے حرمتی کر کے انہوں نے ثابت کر دیا کہ وہ انسان نہیں بزدل درندے ہیں۔ جھالاوان کے عوام دہشت گردوں کے ہر منصوبے کو طاقت، عزم اور اتحاد سے کچلیں گے اور ان قاتلوں کو زمین کے اندر بھی چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ سابق وزیراعلیٰ نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہاکہ وڈیرہ محمد ابراہیم سلمانجو زہری ایک بڑے قبائلی رہنما تھے اور ان کا شمار میرے کاروان کے سینئر رہنماﺅں میں ہوتا تھا دہشت گردوں کے ہاتھوں ان کی شہادت کا سن کر دل بہت غمگین اور رنجیدہ ہے اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاءکرے دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر شریک ہوں۔ اللہ تعالی مرحوم کے اہل خانہ کو اس اندوہناک واقعے پر صبر جمیل عطا فرمائے۔


