وڈھ، قبائل کے درمیان تنازعہ، جمعیت رہنماﺅں کی کوششوں سے سردار اختر مینگل تصفیہ کیلئے رضا مند، فریقین نے مورچے ختم کردیے
خضدار (ویب ڈیسک) جھالاوان کے بزرگ علما کرام کا قبائلی تنازعات کو ختم کرانے میں ایک اور اہم کردار، جمعیت علما اسلام پاکستان کے مرکزی سرپرست اعلیٰ قائد جھالاوان مولانا قمرالدین کا صوبائی سرپرست اعلیٰ شیخ جھالاوان مولانا فیض محمد سمانی کے ساتھ وفد کے ہمراہ بی این پی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل سے کوٹ مینگل وڈھ میں اہم ملاقات۔ وڈھ کے پہاڑی علاقہ ڈانسر میں نوہکزئی، وڈھلوجو قبیلہ کے درمیان زمینی تنازعہ پر اہم پیش رفت، کئی دنوں سے مورچہ بند معرکہ ختم، علما کرام کی کوششوں سے سردار اختر جان مینگل دونوں قبائل کا جلد تصفیہ کرانے پر رضا مند۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی دنوں سے وڈھ کے علاقہ ڈانسر میں دو قبائل نوہکزئی، وڈھلوجو کے لوگ پرانے زمینی تنازعہ پر مرچہ بند ہوگئے تھے اور اس درمیان کچھ جانی و مالی نقصانات بھی رونما ہوئے تھے جس کی اطلاع بروقت جھالاوان کے بزرگ علما کرام مولانا قمرالدین و مولانا فیض محمد سمانی کو دی گئی، جس کے بعد مسلسل ایک ہفتے تک مولانا قمرالدین کے حکم پر مولانا فیض محمد سمانی اور مولانا عبدالصبور مینگل کی سربراہی میں وفد نے نوہکزئی قبیلہ وڈھلوجو قبیلہ کے معتبرین سے متعدد ملاقاتیں کیں، تصفیہ کیلئے ان کو آمادہ کیا۔ مزید قبائل کو مورچوں سے اتارنے اور اس زمینی تنازعہ کے مستقل تصفیہ کیلئے جے یو آئی کے بزرگ علما کرام نے کوٹ مینگل وڈھ میں سردار اختر جان مینگل سے اہم ملاقات کی جہاں نوہکزئی، وڈھلوجو تنازعہ پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ بروقت دونوں قبائل کو مورچوں سے اتارا گیا۔ علما کرام کے استفسار پر سردار اختر جان مینگل نے جلد متعلقہ زمینی تنازعہ کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کرنے اور اس متعلق دونوں قبائل کا جلد تصفیہ کرانے پر رضا مند ہوکر باقاعدہ عملی اقدامات بھی شروع کیے۔ سردار اختر جان مینگل کے اس عمل کو علما کرام نے سراہا اور اس مسئلہ کے جلد حل کی امید ظاہر کی۔ علاوہ ازیں سردار اختر جان مینگل اور دونوں قبائل نوہکزئی، وڈھلوجو کی جانب سے علما کرام کی اس کوشش کا خیر مقدم کیا گیا اور ہر ممکن تعاون کیساتھ اس تنازعہ کو ختم کرنے کیلئے کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وفد میں جے یو آئی وڈھ کے جنرل سیکرٹری مولنا عبدالصبور مینگل، حاجی عبدالحمید درانی، حافظ جمیل احمد ابرار شامل تھے۔


