کراچی کے تاجر علی مرتضی کا قتل کسی بھی صورت بلوچ یا پشتون روایات کا عکاس نہیں ہو سکتا، انجمن تاجران بلوچستان
کوئٹہ (آن لائن) انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے صدر رحیم آغا، جنرل سیکرٹری ولی افغان ترین، ایگزیکٹیو چیئرمین حاجی داود خلجی، نائب صدر میر محمد رحیم بنگلزئی، حاجی فاروق شاہوانی، حاجی اسلم ترین، سید حیدر آغا، حاجی یعقوب شاہ کاکڑ، سردار سجاد شاہوانی، ملک محمد حسین شاہوانی، خان کاکڑ، حاجی ظہور کاکڑ، ولی محمد ترین، اقبال کاکڑ، اسد خان، عبدالرحیم الکوزئی، بشیر خان سنجرانی، سید غنی آغا، نورالحق اسحاق زئی اور دیگر عہدیداروں نے گزشتہ روز دشت کے علاقے میں راستہ بھٹکنے والے کراچی کے تاجر علی مرتضی کو ان کی اہلیہ اور معصوم بیٹیوں کے سامنے بے دردی سے قتل کیے جانے کے افسوسناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سفاکانہ اور غیر انسانی فعل کسی بھی صورت بلوچ یا پشتون روایات کا عکاس نہیں ہو سکتامشترکہ بیان میں رہنماں نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین صدیوں سے امن، مہمان نوازی، رواداری اور اعلی قبائلی اقدار کی امین رہی ہے۔ بلوچ اور پشتون روایات میں خواتین، بچوں اور بے گناہ افراد کو ہر حال میں تحفظ فراہم کیا جاتا ہے، بلکہ تاریخ گواہ ہے کہ یہاں اپنے دشمن کو بھی اگر اس کے ساتھ خواتین اور بچے ہوں تو محفوظ راستہ دیا جاتا ہے۔ ایسے میں ایک بے گناہ تاجر کو اس کی اہلیہ اور معصوم بچیوں کے سامنے بے رحمی سے قتل کرنا نہ صرف اسلامی تعلیمات بلکہ بلوچ اور پشتون روایات کی بھی کھلی توہین ہے انہوں نے کہا کہ اس دل دہلا دینے والے سانحے کی خبر سن کر پورا تاجر برادری شدید رنج و غم میں مبتلا ہے۔ یہ واقعہ بلوچستان کے پرامن تشخص کو نقصان پہنچانے اور نفرت و خوف کی فضا پیدا کرنے کی ایک مذموم سازش معلوم ہوتی ہے۔ ایسے عناصر کا نہ کسی قوم، قبیلے یا مذہب سے تعلق ہے اور نہ ہی انہیں انسان یا مسلمان کہلانے کا کوئی حق حاصل ہے۔ یہ درندہ صفت دہشت گرد ہیں جو صرف بدامنی، خونریزی اور انتشار پھیلانا چاہتے ہیں رہنماں نے کہا کہ معصوم بچوں کے سامنے ان کے والد کا قتل ایک ایسا سفاکانہ جرم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ اس اندوہناک واقعے نے ہر دردِ دل رکھنے والے انسان کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ایسے وحشی عناصر نہ صرف انسانیت بلکہ بلوچستان کی ہزاروں سالہ روایات اور اقدار کے بھی دشمن ہیں انجمن تاجران بلوچستان رجسٹرڈ کے رہنماں نے وفاقی اور صوبائی حکومت، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ اس المناک واقعے میں ملوث قاتلوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق عبرتناک سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی بے گناہ شہری اس قسم کی دہشت گردی اور بربریت کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کاروباری سرگرمیوں، تاجروں اور عام شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، جسے ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے انہوں نے مقتول علی مرتضی کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے، پسماندگان کو صبر جمیل دے اور زخمی اہل خانہ کو جلد صحت کاملہ عطا فرمائے۔


