افغانستان پر پاکستان کے فضائی حملے کھلی جارحیت اور علاقائی امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں، بھارتی وزارت خارجہ

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اتوار کی شب افغانستان پر کیے گئے پاکستان کے فضائی حملوں کی مذمت کی گئی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق جاری کیے گئے بیان میں پاکستان کے حملوں کو ’کھلی جارحیت، افغانستان کی خود مختاری پر حملہ اور خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ‘ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان کے نتیجے میں متعدد شہری ہلاک ہوئے۔ پاکستان کا دعویٰ ہے کہ اتوار کی شب ’مستند انٹیلیجنس اطلاعات‘ کی بنیاد پر پاکستانی فورسز نے افغانستان کے علاقوں پکتیکا، پکتیا اور کنڑ میں جماعت الاحرار اور تحریک تالبان پاکستان سے منسلک تین اہداف کو نشانہ بنایا اور 25 شدت پسندوں کو ہلاک کیا ہے۔ تاہم افغان تالبان کے ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی فوج کے فضائی حملوں میں سویلین علاقوں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 36 افراد ہلاک جبکہ 163 زخمی ہوئے ہیں۔ افغان تالبان کا دعویٰ ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والے تمام عام شہری ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ بھارت ’افغانستان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔‘ افغانستان میں پاکستان کے حملوں پر اپنے بیان میں بھارتی وزارت خارجہ نے مزید کہا ’یہ پاکستان کے مسلسل غیر ذمہ دارانہ رویے اور اپنی داخلی ناکامیوں کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرانے کے لیے سرحد پار تشدد کا سہارا لینے کی ناکام کوشش کی عکاسی کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں