راولپنڈی سے اڈیالہ جیل منتقل کیے جانیوالے قیدی فرار، 4 گرفتار، 10 کی تلاش کیلئے پولیس کا آپریشن
راولپنڈی (ویب ڈیسک) راولپنڈی سے اڈیالہ جیل منتقل کیے جانے والے 14 قیدی کہوٹہ کے قریب قیدی وین سے فرار ہوگئے تاہم پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے 4 مفرور قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا جب کہ باقی 10 مفرور قیدیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔ واقعے کے بعد کہوٹہ میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور شہر کے داخلی و خارجی راستے سیل کر دیے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق تحصیل کچہری کہوٹہ میں پیشی کے بعد زیرِ سماعت مقدمات میں نامزد 14 قیدیوں کو راولپنڈی سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جا رہا تھا کہ اسلام آباد کے تھانہ سہالہ کی حدود میں چکیاں چیک پوسٹ کے قریب قیدی وین کو معمول کی چیکنگ کے لیے روکا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جیسے ہی وین کا دروازہ کھولا گیا تو ایک قیدی نے اہلکاروں کی آنکھوں میں مرچوں کا پاو¿ڈر پھینک دیا، جس کے بعد قیدیوں نے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق قیدیوں کے درمیان وین کے اندر شدید جھگڑا بھی ہوا تھا، جس کے بعد یہ واقعہ پیش آیا۔ واقعے کے فوری بعد پولیس نے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا اور 4 مفرور قیدیوں کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا، جنہیں تھانہ سہالہ کی حوالات منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ باقی 10 مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کی مشترکہ ٹیمیں مختلف علاقوں میں چھاپے مار رہی ہیں۔ پولیس نے کہوٹہ کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیے ہیں، علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی مشکوک شخص کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔ مفرور قیدیوں کی گرفتاری کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی طلب کر لی گئی ہے۔


