زیارت میں شہید پولیس افسران اور اہلکاروں کی قربانی قوم کا سرمایہ، ریاست کی عملداری پر حملہ ناقابل قبول ہے، بلوچستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں، معاون برائے داخلہ بلوچستان
کوئٹہ (ویب ڈیسک) زیارت میں سیکورٹی فورسز کے کامیاب کلیئرنس آپریشن نے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو شدید دھچکا پہنچایا، معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان بابر یوسفزئی کا کہنا ہے کہ کلیئرنس آپریشن میں 15 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ دہشتگردوں کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے 9 پولیس کے افسران و جوان شہید ہوئے۔ ریاست دشمن عناصر کیخلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک بلوچستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ سیکورٹی فورسز، بلوچستان پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنا دیے۔ بلوچستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے لیے کوئی جگہ نہیں، ریاست ہر محاذ پر پوری قوت سے متحرک ہے۔ انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیوں کے ذریعے دہشت گرد تنظیموں کے نیٹ ورکس کو منظم انداز میں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ امن دشمن عناصر کو واضح پیغام ہے کہ ریاست کی عملداری پر حملہ ناقابل قبول ہے اور ہر چیلنج کا موثر جواب دیا جائے گا۔ زیارت میں شہید ہونے والے پولیس افسران اور اہلکاروں کی قربانی قوم کا سرمایہ ہے، ان کے لہو کا حساب ضرور لیا جائے گا۔ بلوچستان میں پائیدار امن، عوام کے جان و مال کا تحفظ اور دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی۔ بلوچستان کے عوام کے تعاون اور سیکورٹی اداروں کی قربانیوں سے دہشت گردی کے ناسور کو شکست دی جائے گی۔


