تربت، سٹیلائٹ ٹاون کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کا گرین بس پر پتھراو، بس کے شیشے ٹوٹ گئے

تربت(این این آئی )تربت شہر میں عوامی سفری سہولت گرین بس سروس ایک بار پھر نامعلوم افراد کے نشانے پر آگئی۔ سٹیلائٹ ٹاو¿ن کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے گرین بس پر پتھراو¿ کر دیا، جس کے نتیجے میں بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔یہ حالیہ دنوں میں گرین بس پر ہونے والا دوسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل آبسر کے علاقے میں بھی نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے گرین بس پر حملہ کرتے ہوئے اس کے شیشے توڑ دیے تھے، جس پر شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ گرین بس سروس تربت کے شہریوں کے لیے ایک بہترین اور عوام دوست سفری منصوبہ ہے، جس نے کم کرایوں پر محفوظ، آرام دہ اور معیاری سفری سہولت فراہم کرکے عوام کی مشکلات میں نمایاں کمی کی ہے۔ شہریوں کے مطابق یہ سروس خصوصاً طلبہ، خواتین، بزرگوں اور روزانہ سفر کرنے والے افراد کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔شہریوں نے گرین بسوں پر بار بار ہونے والے حملوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس عوامی اثاثے کو نقصان پہنچانا ناقابل قبول عمل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے عناصر کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لایا جائے تاکہ عوامی املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔دوسری جانب عوامی حلقوں نے اس خدشے کا بھی اظہار کیا ہے کہ حال ہی میں بعض بولان اور ٹیکسی ڈرائیوروں کی جانب سے گرین بس سروس کے خلاف تحریک چلانے کے اعلان کے بعد پیش آنے والے یہ واقعات ردعمل کا حصہ بھی ہو سکتے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے کسی سرکاری ادارے یا قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ مو¿قف یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ دونوں واقعات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، ذمہ دار عناصر کو بے نقاب کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، جبکہ گرین بس سروس کی حفاظت کے لیے مو¿ثر سیکیورٹی اقدامات بھی کیے جائیں تاکہ عوام بلاخوف و خطر اس اہم سفری سہولت سے استفادہ کر سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں