کوہلو میں رورل ہیلتھ سینٹر کی نئی عمارت کا تعمیراتی کام تعطل کا شکار، مریضوں کو علاج معالجے میں مشکلات کا سامنا
کوہلو (نیوز ڈیسک) بلوچستان کے ضلع کوہلو کی تحصیل ماوند میں زیر تعمیر رورل ہیلتھ سینٹر آر ایچ سی کی نئی عمارت کا تعمیراتی کام تعطل کا شکار ہوگیا، جس کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات اور پریشانی سے دوچار ہیں۔ تحصیل ماوند میں قائم آر ایچ سی کی نئی عمارت پر کام گزشتہ کافی عرصے سے بند پڑا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ علاقے میں صحت کی بنیادی سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں اور دور دور تک کوئی فعال طبی مرکز موجود نہیں۔ مریضوں کو علاج معالجے کے لیے تقریباً 100 کلومیٹر کا سفر طے کرکے کوہلو یا سبی جانا پڑتا ہے، جس سے خصوصاً خواتین، بچوں اور بزرگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقہ مکینوں کے مطابق ٹھیکیدار کی جانب سے تعمیراتی کام بند کیے جانے کے باعث منصوبہ التوا کا شکار ہے، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے بھی تاحال کوئی موثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے رکن صوبائی اسمبلی نواب جنگیز خان مری، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ، سیکرٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی، کمشنر کوہ سلیمان ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کوہلو سے مطالبہ کیا ہے کہ آر ایچ سی ماوند کی تعمیر فوری طور پر مکمل کرائی جائے اور منصوبے میں تاخیر کے ذمہ دار عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ علاقے کے عوام کو بروقت اور معیاری طبی سہولیات میسر آسکیں۔


