علی مرتضی کا قتل برادر اقوام میں بلوچستان کے لوگوں کیلئے غصے اور نفرت کا باعث ہوگا، صادق عمرانی
کوئٹہ (آن لائن)بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر، پاکستان پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن، پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کوئٹہ سے کراچی جاتے ہوئے ایک خاندان پر حملے میں علی مرتضی کی ہلاکت اور ان کی اہلیہ کے زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اپنے بیان میں صوبائی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین عظیم قبائلی روایات اور بہترین ثقافت کا مظہر رہی ہے، لیکن آج ہماری روایات کو پامال کیا جا رہا ہے۔میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ مرحوم علی مرتضی اپنی بیوی اور بچوں کے ہمراہ کراچی جا رہا تھا۔ راستہ بھٹک جانے اور دشت کے علاقے میں غلط سمت چلے جانے کے باعث اسے اپنی جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے قبائلی معاشرے میں مہمان اور ان کے ہمراہ خاتون پر حملہ نہ صرف قبائلی روایات کی صریح خلاف ورزی ہے، بلکہ یہ ناروا فعل برادر اقوام میں بلوچستان کے لوگوں کےلیے غصے اور نفرت کا باعث ہوگا۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان ظالم عناصر کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔


