ہنہ اوڑک میں مسلح گروہوں کی آزادانہ نقل و حرکت انتہائی تشویشناک ہے ، جمعیت کوئٹہ
کوئٹہ (این این آئی ) جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا محب اللہ، مولانا محمد ایوب، شیخ مولانا عبدالاحد محمد حسنی، مولانا سعید احمد، حافظ سراج الدین، مفتی محمد روزی خان بادیزئی، مولانا محمد شعیب جدون، رحیم الدین ایڈووکیٹ اور مولانا محمد عارف شمشیر نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ہنہ اوڑک میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال، مسلح گروہوں کی آزادانہ نقل و حرکت اور بے گناہ شہریوں کو ان کے رحم و کرم پر چھوڑ دینا حکومت اور متعلقہ ریاستی اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حساس تنصیبات اور چھاونی کے قرب و جوار میں مسلح عناصر کا منظم انداز میں سرگرم ہونا انتہائی تشویشناک اور ناقابلِ قبول ہے، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موثر نگرانی اور بروقت کارروائی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے، مسلح گروہوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرنے، ذمہ دار عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے اور علاقے میں ریاستی رٹ کو ہر صورت بحال کرنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں، کیونکہ امن و امان کے قیام میں مسلسل غفلت مزید بے چینی اور عدم استحکام کو جنم دے سکتی ہے۔


