آل پارٹیز کانفرنس میں ڈاکٹر ماہ نور پر تیزاب گردی کے واقعے کی مذمت، ینگ ڈاکٹرز کے مطالبات کی حمایت کا اعلان، ترجمان
کوئٹہ(این این آئی)ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام آج ایک آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، محکمہ صحت سے منسلک تنظیموں، وکلاءبرادری اور سماجی نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر حئی بلوچ نے 6 جون 2026 کو دورانِ ڈیوٹی ڈاکٹر ماہ نور پر ہونے والے سفاکانہ تیزاب گردی کے واقعے، اس کے بعد کی حکومتی غفلت اور احتجاجی تحریک کے پس منظر سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کا مو¿قف انصاف، محفوظ طبی ماحول اور ذمہ داران کے احتساب پر مبنی ہے۔ انہوں نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے بنیادی مطالبات پیش کیے، جن میں سیکرٹری صحت بلوچستان کی برطرفی، ایم ایس سانڈیمن صوبائی اسپتال کی برطرفی، اور واقعے کی آزاد و شفاف جوڈیشل کمیشن کے ذریعے تحقیقات شامل ہیں۔کانفرنس میں نیشنل پارٹی کی ایم پی اے محترمہ کلثوم نیاز، بی این پی کے مرکزی پروفیشنل سیکرٹری رمضان بلوچ، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر و سابق ایم پی اے نصراللہ زیرے، ینگ لائرز فورم کے صوبائی صدر معین اللہ ایڈووکیٹ، کوئٹہ بارایسوسی ایشن کے نائب صدر فہد مینگل ایڈووکیٹ، عوامی نیشنل پارٹی کوئٹہ کے صدر ثنائ اللہ خان، مظلوم اولسی تحریک کے صوبائی صدر اسلم اچکزئی، جاموٹ قومی تحریک کے بانی و صوبائی صدر حفیظ اللہ ابڑو، ، مسلم لیگ (ن) کے سی سی ممبر حیدر خان اچکزئی، مسلم لیگ (ن) کے کوآرڈینیٹر برائے ڈپٹی سینیٹ جہانگیر خان خروٹی، پاکستان تحریک انصاف کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری کوئٹہ سلمان خان بادینی، بلوچستان میڈیکل ٹیچرز ایسوسی ایشن (BMTA) کے فنانس سیکرٹری ڈاکٹر خلیل احمد بلوچ، پی ایم اے کے صدر(ایلیکٹ)ڈاکٹر وزیر احمد، اور آلائیڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے صدر جمال شاہ کاکڑ سمیت دیگر نمائندگان نے خطاب کیا۔تمام مقررین نے ڈاکٹر ماہ نور پر ہونے والے بہیمانہ تیزاب گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے جائز مطالبات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔ مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ڈاکٹر برادری کی انصاف پر مبنی جدوجہد میں وہ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور جب تک سیکرٹری صحت بلوچستان اور ایم ایس سنڈیمن صوبائی اسپتال کو عہدوں سے نہیں ہٹایا جاتا اور واقعے کی تحقیقات کے لیے ایک بااختیار جوڈیشل کمیشن قائم نہیں کیا جاتا، تب تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور عوامی حمایت جاری رہے گی۔کانفرنس کے اختتام پر متفقہ طور پر اعلان کیا کہ وہ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کی جانب سے منعقد کی جانے والی احتجاجی ریلی میں بھرپور شرکت کریں گے، احتجاجی تحریک کے ہر مرحلے پر وہ مکمل حمایت اور بھرپور عملی تعاون فراہم کریں گے، اور آئندہ دیے جانے والے ہر احتجاجی لائحہ? عمل میں ڈاکٹر برادری کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔کانفرنس کے اختتام پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے رہنماء ڈاکٹر حفیظ مندوخیل نے تمام سیاسی جماعتوں، محکمہ صحت سے منسلک تنظیموں، وکلاء برادری، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شرکاءکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ماہ نور کو انصاف دلانے اور بلوچستان کے سرکاری اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یہ مشترکہ جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے شرکاء کے اعتماد اور یکجہتی کو سراہتے ہوئے اختتامی کلمات ادا کیے۔


