زیارت میں پولیس چوکی پر حملے کی مذمت، بلوچستان میں امن و امان سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے، صدر، وزیراعظم

اسلام آباد (ویب ڈیسک) صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے زیار ت میں پولیس چوکی پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ چاروں شخصیات نے زیارت کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا اور 15 دہشتگردوں کوہلاک کرنے پرسیکورٹی فورسز اور پولیس کی ستائش کی۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کو سبوتاڑ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے، ریاست دہشت گردی کے خلاف پوری قوت سے کارروائی جاری رکھے گی۔ دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ امن دشمن دہشتگردوں کے سدباب تک ان کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ اس کے علاوہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداءکے لواحقین سے تعزیت کی اور کہا دہشتگردوں کے بزدلانہ حملے امن کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے لیے بلوچستان کی سرزمین تنگ کردی جائے گی، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کا انجام صرف شکست اور ہلاکت ہے۔ واضح رہے کہ زیارت میں مسلح افراد کی جانب سے پولیس چوکی پر حملہ کیا گیا جس دوران فائرنگ کے تبادلے میں 9 اہلکار شہید جبکہ کلیئرنس آپریشن کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں