جھل مگسی، گنداواہ میں بی آئی ایس پی کے تحت مستحق خواتین سے غیر رجسٹرڈ سموں کے نام پر رقم وصولی کا نوٹس لینے کا مطالبہ
جھل مگسی (یو این اے) ذرائع کے مطابق ضلع جھل مگسی کے صدر مقام گنداواہ کے مختلف علاقوں میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام بی آئی ایس پی سے منسلک مستحق خواتین کو مبینہ طور پر فی سم 300 روپے کے عوض سمیں فراہم کی گئیں، تاہم خواتین کا کہنا ہے کہ یہ سمیں رجسٹرڈ نہ ہونے کے باعث تاحال فعال نہیں ہو سکیں، جس کے نتیجے میں وہ اپنے اکانٹس کے ذریعے مالی امداد کی قسط وصول کرنے سے محروم ہیں۔متاثرہ خواتین کے مطابق اب انہیں دوبارہ رجسٹرڈ سم فراہم کرنے کے لیے ایک بار پھر رقم ادا کرنے کا کہا جا رہا ہے۔ خواتین کا مقف ہے کہ ان سے پہلے ہی رقم وصول کی جا چکی ہے، اس لیے دوبارہ ادائیگی کا مطالبہ ناقابلِ فہم اور باعثِ تشویش ہے۔خواتین نے الزام عائد کیا ہے کہ اس تمام معاملے میں مقامی سطح پر بعض ذمہ دار افراد ملوث ہیں۔ ان کے مطابق پہلے ان کے فنگر پرنٹس لے کر غیر رجسٹرڈ سمیں جاری کی گئیں، جس کے باعث انہیں مالی امداد کی رقم نہیں مل سکی۔متاثرہ خواتین نے وزیراعظم پاکستان، چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ضلعی انتظامیہ جھل مگسی سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔


