امریکی فوج کے ایران میں 90 اہم مقامات پر حملے، حالیہ لڑائی میں 14 افراد ہلاک، سو کے قریب زخمی ہوئے، ایرانی وزارت صحت
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی فوج نے کہا ہے کہ ایران میں فضائی دفاع کے نظام، میزائلز اور ڈرونز کی ذخیرہ گاہوں سمیت تقریباً 90 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔ امریکی فوج کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تازہ ترین حملوں میں ایران کے 90 فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق ایران پر حملوں میں فضائی دفاعی نظام، ساحلی نگرانی کے مراکز کو نشانہ بنایا، ایران کے میزائل اور ڈرون ذخائراور بحری فوجی صلاحیتیوں کو بھی نشانہ بنایاگیا جبکہ ایران کے ساحلی علاقوں میں قائم فوجی لاجسٹک انفراسٹرکچر پر بھی حملے کیے گئے۔ ایران کے پاسداران انقلاب نے کویت میں عریفجان اور علی السالم، جبکہ بحرین میں الجفیر اور شیخ عیسیٰ کے امریکی اڈوں پر جوابی حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ دوسری جانب ایران کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ حالیہ لڑائی کے دوران 14 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ وزارتِ صحت کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے سربراہ حسین کرمان پور نے بتایا کہ 8 اور 9 جولائی کو ایران کے پانچ صوبوں میں امریکی حملوں کے نتیجے میں 78 افراد زخمی بھی ہوئے۔ ان کے مطابق زخمیوں میں سے 47 افراد اب بھی ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔ دوسری جانب، جنوبی ایران کے ضلع ایرانشہر کے گورنر نے سرکاری میڈیا کو بتایا کہ امریکی حملے میں ہوائی اڈے کی ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔


