خضدار میں پولیس تھانے پر حملہ آور 8 افراد ہلاک، آپریشن شعبان میں مزید 13 دہشتگرد مارے گئے، معاون وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (ویب ڈیسک) زیارت مانگی ڈیم پولیس اسٹیشن پر دہشتگردانہ واقعے کے تسلسل میں فوج، ایف سی اور بلوچستان پولیس کا آپریشن شعبان جاری ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سیکورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 13 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ آپریشن شعبان میں ہلاک دہشتگردوں کی مجموعی تعداد 39 ہوگئی۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن شعبان کے علاوہ آج صبح خضدار کے علاقے میں دہشتگردوں کا پولیس اسٹیشن پرحملہ بھی پسپا کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق فوج اور ایف سی کے دستوں کی کارروائی کے ذریعے 8 دہشتگردوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں، 5 سے6 مزید دہشتگردوں کے ہیلی کاپٹر آپریشنز میں مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔ سیکورٹی ذرائع نے بتایا کہ آپریشن شعبان کے دوران دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں دہشت گردوں کےخلاف گھیرا مزید تنگ کیا گیا ہے۔ سیکورٹی فورسز کی جانب سے 26 دہشتگردوں کو 6 اور 7 جولائی کو پہلے ہی ہلاک کیا جاچکا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے آپریشن شعبان اور دیگر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مجموعی طور پر 75 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔


