وزیراعظم سے مذاکرات سے انکار نہیں کیا، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے ہنہ اوڑک شہداء لواحقین کی دھرنا قیادت کا موقف
کوئٹہ (ویب ڈیسک) وزیراعظم سے مذاکرات سے انکار نہیں کیا، سوشل میڈیا پر غلط پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے ہنہ اوڑک شہداءلواحقین کی دھرنا قیادت کا موقف۔ کوئٹہ ہنہ اوڑک سانحے کے شہداءکے لواحقین کی احتجاجی دھرنا قیادت نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے کبھی بھی وزیراعظم سے مذاکرات سے انکار نہیں کیا تاہم سوشل میڈیا پر اس حوالے سے بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، دھرنا قیادت نے کہا کہ بعض عناصر جان بوجھ کر یہ تاثر دے رہے ہیں کہ لواحقین وزیراعظم سے مذاکرات نہیں چاہتے جو سراسر غلط اور حقائق کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ہمارے احتجاجی دھرنے کیخلاف سوشل میڈیا پر جھوٹی افواہیں اور غلط معلومات پھیلا رہے ہیں ہم ان کے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ دھرنا قیادت کے مطابق ان کا مطالبہ صرف یہ ہے کہ شہداءکے خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور علاقے میں پائیدار امن کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ایسے بامقصد مذاکرات کے لیے تیار ہیں جو شہداءکے لواحقین کو انصاف دلانے اور مسائل کے حل کا ذریعہ بنیں۔


