حکومت بلوچستان نے شہدا اور زخمی سرکاری ملازمین کے معاوضے میں اضافہ کر دیا، محکمہ خزانہ کا نوٹیفکیشن جاری

کوئٹہ (یو این اے) حکومت بلوچستان کے محکمہ خزانہ نے شہید سرکاری ملازمین کے اہل خانہ، دوران سروس وفات پانے والے ملازمین کے ورثا اور زخمی سرکاری ملازمین کیلئے مالی امداد اور معاوضے میں اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق دہشت گردی، ڈیوٹی یا دیگر سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے سرکاری ملازمین کے اہل خانہ کو دی جانے والی مالی امداد اور معاوضے میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح دورانِ سروس انتقال کر جانے والے سرکاری ملازمین کے قانونی ورثا کے لیے بھی مالی امداد کی رقم بڑھا دی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے تحت سرکاری فرائض کی انجام دہی کے دوران زخمی ہونے والے ملازمین کے لیے بھی معاوضے کی نئی شرح مقرر کی گئی ہے تاکہ متاثرہ ملازمین اور ان کے خاندانوں کو بہتر مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو زیادہ سے زیادہ مالی تحفظ فراہم کرنا، شہدا کی قربانیوں کا اعتراف کرنا اور دورانِ ملازمت جان کی بازی ہارنے یا زخمی ہونے والے ملازمین کے خاندانوں کی معاشی مشکلات میں کمی لانا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں