تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک کے بار میں آگ لگنے سے 27 افراد جاں بحق، خبر رساں ایجنسی
بینکاک (مانیٹرنگ ڈیسک) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں بار میں آگ لگنے سے کم از کم 27 افراد جاں بحق ہوگئے۔ خبررساں ایجنسی کے مطابق تھائی وزیر اعظم نے تصدیق کی ہے کہ اتوار کی رات دارالحکومت بینکاک کے ایک بار میں آتشزدگی کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق ہوئے۔ تھائی وزیراعظم نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 27 افراد کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ کچھ زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے اور ان کی حالت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بینکاک کے مضافات میں واقع بار اور ریسٹورنٹ میں موجود موسیقاروں کے مطابق اسٹیج کے قریب سرکٹ بریکر سے دھواں اٹھا، پھر بجلی منقطع ہوئی اور اس کے بعد دھماکا ہوا۔ تھائی پولیس نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے۔ حکام نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا ہے اور حادثے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔


