علی حسن زہری کا مولانا فضل الرحمان سے اپنے حالیہ بیان پر نظرثانی کا مطالبہ
اسلام آباد/ کوئٹہ (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما ، ترجمان صدر آصف علی زرداری اور سینئر صوبائی نائب صدرپی پی پی بلوچستان میر علی حسن زہری نے مولانا فضل الرحمن کے حالیہ بیان پر شدید ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج اور وطن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداکے بارے میں ایسے بیانات نہ صرف حقائق کے منافی ہیں بلکہ پوری قوم کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اس ملک کی سلامتی، خودمختاری اور جغرافیائی سرحدوں کی محافظ ہیں، جبکہ ہمارے شہدااس دھرتی کے وہ عظیم سپوت ہیں جن کے لہو نے وطن عزیز کے امن، استحکام اور بقا کی بنیاد کو مضبوط بنایا ہے۔ شہداکی قربانیوں پر سوال اٹھانا یا ان کی عظمت کو کم کرنے کی کوشش کرنا کسی بھی صورت مناسب نہیں۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ اختلافِ رائے ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، تاہم قومی سلامتی، پاک فوج اور شہداجیسے حساس قومی معاملات کو سیاسی بیانات کی نذر نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے اپنے حالیہ بیان میں زمینی حقائق سے ہٹ کر گفتگو کی، جس سے ایک غلط تاثر پیدا ہوا۔ ایسے بیانات سے اجتناب کیا جانا چاہیے اور قومی مفاد کو ہمیشہ ذاتی یا سیاسی مفادات پر ترجیح دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فوج ہے تو وطن ہے، وطن ہے تو ہم سب ہیں۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اور جوان روزانہ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے قوم کو امن فراہم کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں شہداکی لازوال قربانیاں ہماری قومی تاریخ کا روشن باب ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ شہدا پوری قوم کا مشترکہ سرمایہ اور قومی فخر ہیں۔ ان کے خلاف یا ان کی قربانیوں کو متنازع بنانے والا ہر بیان قوم میں تقسیم پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے، جبکہ آج پاکستان کو اتحاد، یکجہتی اور باہمی اعتماد کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے مولانا فضل الرحمن سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے بیان پر نظرثانی کریں، اسے واپس لیں اور ایسے بیانات سے گریز کریں جو شہداکے اہل خانہ اور پوری قوم کے جذبات کو ٹھیس پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی و مذہبی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام میں اتفاق، قومی ہم آہنگی اور اداروں کے احترام کو فروغ دے اور دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری قوم کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان کے استحکام، سلامتی اور ترقی کے لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی مسلح افواج، شہدااور قومی اداروں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کریں کیونکہ مضبوط فوج ہی مضبوط اور محفوظ پاکستان کی ضمانت ہے۔


