مولانا فضل الرحمن کا فوجی جوانوں کی وطن کیلئے قربانی کو انکی تنخواہ سے جوڑنا شہداءاور انکے خاندانوں کی دل آزاری ہے، خواجہ آصف

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وزیردفاع خواجہ آصف نے مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان کو شہداءکی قربانی کی توہین قرار دے دیا۔ ایک بیان میں وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان ایک کہنہ مشق سیاست دان اور ممتازمذہبی رہنما ہیں، ان سے الفاظ کے انتخاب میں زیادہ ذمہ داری کی توقع کی جاتی ہے، فوجی جوانوں کی وطن کیلئے قربانی کو انکی تنخواہ سے جوڑنا نہ صرف غیرمنصفانہ بلکہ شہداءاور انکے خاندانوں کی دل آزاری ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ کوئی شخص محض تنخواہ کیلئے اپنی قیمتی جان کی قربانی نہیں دیتا، جان کی قربانی کے پیچھے کسی نظریے،عقیدے، فرض اور وطن سے گہری وابستگی ہوتی ہے، آپ حالات وواقعات یاطریقہ کارسے اختلاف کرسکتے ہیں، مگر اس نظریے،وابستگی، محبت اور قربانی کی توہین نہیں کرسکتے۔ وزیردفاع نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ جاری ہے اور فوج سمیت دیگر اداروں کے جوان اور شہری شہادتیں دے رہے ہیں، ان کی قربانی کو تنخواہ کا نتیجہ قرار دینا سیاسی تنقید نہیں بلکہ اخلاقی بے حسی ہے۔ وزیردفاع خواجہ آصف نے مزید کہا کہ مولانا صاحب نے صرف ایک ادارے کو نہیں، ہزاروں شہداء، غازیوں، بیواو¿ں اور یتیموں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں