یوکرین مستقبل میں اپنے مغربی علاقے کھو دے گا، صدر پوتن
سینٹ پیٹرزبرگ (نیوز ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین مستقبل میں اپنے مغربی علاقوں سے بھی محروم ہو جائے گا، تاہم اس عمل میں کتنا وقت لگے گا، اس کا تعین کرنا ممکن نہیں۔روسی بحریہ کے اہلکاروں سے ملاقات کے دوران صدر پوتن نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ جلد یا بدیر یوکرین اپنے وہ مغربی علاقے کھو دے گا جو کبھی پولینڈ، ہنگری اور رومانیہ کا حصہ تھے، یہ کل یا پرسوں نہیں ہوگا، اس میں ایک، دو، دس یا پندرہ سال بھی لگ سکتے ہیں، لیکن تاریخ آخرکار ہر چیز کو اپنی جگہ پر لے آئے گی۔روس ہی یوکرین کی علاقائی سالمیت کا واحد ضامن تھا، لیکن کیف حکومت نے روس کو اپنا دشمن قرار دینے کا فیصلہ کیا۔یوکرین کی علاقائی سالمیت کا صرف ایک ضامن تھا اور وہ روس تھا، لیکن انہوں نے یہ سمجھا کہ روس کو اپنا دشمن قرار دینا ان کے لیے ضروری، ممکن اور فائدہ مند ہے۔صدر پوتن کے یہ بیانات روسی بحریہ کے اہلکاروں سے ملاقات کے دوران سامنے آئے، جہاں انہوں نے روس اور یوکرین کے تنازع سمیت مختلف امور پر اظہار خیال کیا۔


