مغوی ڈرائیورز اپنے خاندانوں کے کفیل، فوری بحفاظت بازیاب کرایا جائے، کاشف حیدری
کوئٹہ (این این آئی) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے مستونگ کے علاقے کھڈ کوچہ سے اغواءہونے والے دونوں ڈرائیورز کی فوری اور بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مغوی ڈرائیورز نجی کمپنی کے ملازمین ہیں جو کوئٹہ-کراچی روٹ پر محنت مزدوری کر کے اپنے اہل خانہ کی کفالت کر رہے تھے۔ وہ اتنی سکت نہیں رکھتے کہ بھاری تاوان ادا کر سکیں، لہٰذا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں فوراً رہا کیا جائے۔ کاشف حیدری نے کہا کہ ان کے اغواءسے لواحقین شدید بے چینی، اضطراب اور ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں، اس لیے انسانی ہمدردی کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی فوری اور محفوظ واپسی ممکن بنائی جائے۔ ترجمان کاشف حیدری کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایک طرف کاروباری جمود، مہنگائی اور ٹیکسوں کے بوجھ نے تاجروں، ٹرانسپورٹرز اور نجی شعبے کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، تو دوسری جانب ایسے افسوسناک واقعات سے خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔ شاہراہوں پر بدامنی سے کاروباری سرگرمیاں اور ٹرانسپورٹ کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے جو ملکی معیشت کے لیے انتہائی نقصان دہ ہے۔ انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے زور دے کر مطالبہ کیا کہ مغویوں کی جلد اور محفوظ بازیابی کو یقینی بنایا جائے اور شاہراہوں پر ڈرائیورز، ٹرانسپورٹرز اور تاجروں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مو¿ثر و عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام بلا خوف و خطر اپنا روزگار جاری رکھ سکیں۔


