واشک ،بسیمہ میں بجلی بحران،شہری بھاری بلوں اور لوڈشیڈنگ کی مشکلات کو دور کیا جائے ، عوامی حلقے

بسیمہ( مانیٹرنگ ڈیسک)اہلِ بسیمہ نے وفاقی وزارتِ توانائی، کیسکو حکام، چیف ایگزیکٹو کیسکو، صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہبسیمہ کو اس کے جائز حق کے مطابق بجلی فراہم کی جائے، روزانہ صرف چار گھنٹے بجلی کی فراہمی کا سلسلہ ختم کیا جائے، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، میٹر ریڈنگ کے مطابق شفاف بل جاری کیے جائیں اور بغیر ریڈنگ کے بھاری بل بھیجنے کی شکایات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ضلع واشک کا مرکزی شہر بسیمہ جغرافیائی لحاظ سے ایک اہم چوراہے کی حیثیت رکھتا ہے، جہاں سے مختلف اضلاع اور مکران ڈویژن کو زمینی راستے ملتے ہیں۔ اسی طرح بسیمہ میں قائم گریڈ اسٹیشن بھی بجلی کی ترسیل کے حوالے سے ایک اہم مرکز تصور کیا جاتا ہے، جہاں چاروں اطراف سے بجلی کی فراہمی ممکن ہے۔ اسی گریڈ اسٹیشن کے ذریعے خاران سمیت مکران ڈویژن کے مختلف علاقوں کو بجلی فراہم کی جاتی ہے۔افسوسناک امر یہ ہے کہ جس علاقے سے دیگر اضلاع کو بجلی فراہم کی جاتی ہے، وہی بسیمہ بجلی کی شدید قلت کا شکار ہے۔ مقامی شہریوں کے مطابق 24 گھنٹوں میں بسیمہ سٹی کو محض چار گھنٹے بجلی فراہم کی جاتی ہے، جس میں دو گھنٹے صبح اور دو گھنٹے شام شامل ہیں، جبکہ باقی پورا دن اور رات شہری بجلی سے محروم رہتے ہیں۔ شدید گرمی کے موسم میں یہ صورتحال عوام کے لیے کسی عذاب سے کم نہیں، جس سے کاروبار، تعلیم، پانی کی فراہمی اور روزمرہ زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ بسیمہ سب ڈویژن کا عملہ بلنگ بڑھانے کی خاطر سال میں دو مرتبہ بغیر میٹر ریڈنگ کے من مانے اور تخمینی بجلی کے بل جاری کرتا ہے۔ ان کے مطابق اصل استعمال سے کہیں زیادہ بھاری بل صارفین کے حوالے کر دیے جاتے ہیں، جس سے غریب اور متوسط طبقہ شدید مالی دباو¿ کا شکار ہو جاتا ہے۔ ایک طرف مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ رکھی ہے، تو دوسری جانب ہزاروں اور بعض اوقات لاکھوں روپے کے بجلی بل ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہے ہیں۔ اکثر صارفین اتنے بھاری بل ادا کرنے سے قاصر رہتے ہیں، جس کے بعد انہیں بجلی منقطع کیے جانے کی دھمکیوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں