عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت کے حکم پر چمن جیل سے رہا کر دیا گیا
کوئٹہ (این این آئی )عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت کے حکم پر چمن جیل سے رہا کر دیا گیا۔جیل کے باہر پارٹی کارکنوں، عہدیداران اور حامیوں کی بڑی تعداد نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ کارکنوں نے اصغر خان اچکزئی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور نعرے بازی کی۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اصغر خان اچکزئی نے کہاموجودہ حکومت سیاسی کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں پر اتر آئی ہے۔ بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات بنا کر سیاسی ورکرز کو تنگ کرنا اور انہیں تکلیف پہنچانا جمہوریت کے خلاف سازش ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمارا راستہ نہیں روک سکتی میں نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا۔ جیل، مقدمات اور پابندیاں ہمیں سیاسی جدوجہد کے راستے سے نہیں ہٹا سکتیں۔ ہم عوام کے حقوق، امن اور جمہوریت کی جنگ لڑتے رہیں گے۔”واضح رہے کہ اصغر خان اچکزئی کو چند روز قبل ایک مقدمے میں گرفتار کر کے چمن جیل منتقل کیا گیا تھا، جہاں عدالت نے انہیں 7 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا۔


