حفیظ کی پی ایس ایل دیکھنے کیلئے اسٹیڈیم آنیوالوں سے اپیل

کرکٹر محمد حفیظ نے پی ایس ایل کا میچ اسٹیڈیم میں دیکھنے کے لیے آنے والے تماشائیوں سے ذمہ داری اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی درخواست کی ہے۔

‏ پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے کرکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے لیے خوش آئند بات یہ ہے کہ 20 فیصد کراؤڈ کو اجازت ملی ہے لیکن اب ذمہ داری کراؤڈ کی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
‏ محمد حفیظ نے کہا کہ کراؤڈ کو اجازت ملنا ایک اچھا فیصلہ ہے کیونکہ مزہ کراؤڈ کے ساتھ ہی آتا ہے، اس سے گراؤنڈ میں انرجی میں اضافہ ہوتا ہے اور متحرک ہونے کا موقع ملتا ہے۔
قومی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ہم سب کی کوشش ہو گی کہ فینز کو پی ایس ایل کے دوران تفریح پہنچائیں، پاکستان میں یہ پہلا ایونٹ ہے کہ کووڈ کے دوران تماشائی اسٹیڈیمز کا رخ کررہے ہیں، تماشائیوں سے درخواست ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے اسٹیڈیمز آئیں، ایونٹ کی کامیابی کے لیے کراؤڈ کا آنا اور ان کا احتیاط کرنا بہت ضروری ہے۔
‏محمد حفیظ نے مزید کہا کہ کھلا ڑی اب بائیو سکیور ببل کے عادی ہو چکے ہیں، اب اس میں رہنا مشکل نہیں ہے کیونکہ کرکٹ جاری رہنے کے لے یہ بائیو سیکور ببل بہت ضروری ہے، اگر بائیو سکیور ببل نہ ہو تو کرکٹ ہی نہ ہو۔
واضح رہیکہ ‏پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن کے لیے کووڈ 19 کی صورتحال میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں سے این سی او سی نے 20 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیمز میں آنے کی اجازت دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں