رقم ادا نہ کرنے پر ارطغرل غازی کے مرکزی اداکار نے پاکستانی کمپنی کےساتھ معاہدہ منسوخ کردیا
اسلامی فتوحات پر مبنی ترک ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے انگین آلتان نے پاکستانی کمپنی کے ساتھ ہونے والا معاہدہ منسوخ کر دیا۔میڈیا رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ رقم کی ادائیگی نہ ہونے پر انگین آلتان نے پاکستانی کمپنی کے ساتھ ہونے والا معاہدہ منسوخ کیا۔بتایا جارہا ہے کہ معاہدے کے تحت دی گئی مدت کے باوجود رقم سمیت کسی بھی شرط کو پورا نہیں کیا گیا اسی وجہ سے یکطرفہ طور پر معاہدے کو منسوخ کردیا گیا ہے۔ترک اداکار نے کہا کہ دستخط کرنے سے پہلے نصف رقم ادا کی جانی تھی، ایک ماہ گزرنے کے باوجود بھی رقم ادا نہ کی گئی، معاہدے کے بارے میں جھوٹ اور غلط معلومات پر دکھ پہنچا۔خیال رہے کہ شہرہ آفاق ترک ڈرامہ ’ارطغرل غازی‘ میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ترکش اداکار انگین آلتان ٹک ٹاکر میاں کاشف ضمیر کے کہنے پر دسمبر 2020 میں پاکستان آئے تھے۔


