ملک کسی ایک جماعت کے سربراہ کی بنائی فورس کے حوالے نہیں کیا جاسکتا، مولانا فضل الرحمن
لاہور، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہ ملک کسی ایک جماعت کے سربراہ کی بنائی فورس کے حوالے نہیں کیا جاسکتا۔میڈیا کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے ملک میں جاری کورونا وائرس کے باعث صورتحال اور سیاسی امور پر بات چیت کی۔مولانا فضل الرحمان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ یہ ملک کسی ایک جماعت کے سربراہ کی بنائی فورس کے حوالے نہیں کیا جاسکتا، میں نے شہباز شریف کو پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی بنانے کی تجویز دی ہے اور کہا ہے کہ پارلیمانی مانیٹرنگ کمیٹی بنائے جانے تک اپوزیشن کسی کمیٹی میں شریک نہیں ہوگی، شہباز شریف نے میری تجویز پر تمام اپوزیشن کو اعتماد میں لیا ہے۔قبل ازیں جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے صوبائی ذمہ داران کے نام پیغام دیتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہماری جماعت کا ہر کارکن انتظامیہ اور اداروں کے ساتھ ہے، ذمہ داران فوری طور پر پی ڈی ایم اے اور این ڈی ایم اے حکام سے رابطہ کریں اور ان سے مشاروت کرکے انہیں اپنے رضا کاروں کی فہرست فراہم کریں۔