مسلم لیگ (ن)عوام کی خدمت، ملک کی ترقی اور خوشحالی کا دوسرا نام ہے،شہباز شریف
لاہور(این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)دراصل عوام کی خدمت، ملک کی ترقی اور خوشحالی کا دوسرا نام ہے،ہمیں جب بھی ذمہ داری ملی اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ہر شعبے کو ترقی دی،تعلیم، صحت، صنعت، کاروبار، روزگار، آمدو رفت میں آسانی کے لئے دن رات کام کیا،دیہاڑی، دار مزدور اور کمزورطبقات بہت برے حالات میں ہیں، معاشی حالات سے تنگ افراد کی خودکشیوں کی اطلاعات باعث تشویش ہیں،ایسے اندوہناک واقعات قابل افسوس ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹروں اور طبی عملے کے بعد عوام کیلئے حفاظتی کٹس تیار کرنے والی اپنی ٹیم اور مسلم لیگ (ن) کے رضا کاروں کو خراج تحسین پیش کرنے کی تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ رضاکارانہ امداد اور فلاحی ذمہ داریاں انجام دینے والے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان خراج تحسین کے مستحق ہیں،انسانوں کی خدمت کرنے سے اللہ تعالی بیحد خوش ہوتا ہے،یہ موقع ہے کہ ہم انسانوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اللہ تعالی کو راضی کرلیں۔شہباز شریف نے کہا کہ عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ احتیاط کریں،یہ قوم کی زندگی اور موت کا معاملہ ہے،احتیاط، نظم وضبط اور تعاون کے اصولوں پر عمل کرکے اس مشکل سے نجات ممکن ہے،آئیے ہم سب اس میں اپنا اپنا کردار ادا کریں،یہ صرف آپ کی نہیں، آپ کے بچوں، سب گھروالوں کی زندگی کا معاملہ ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ عوام کے شانہ بشانہ کورونا کی وبا ء سے لڑیں گے،ہم نے تہیہ کیا ہوا کہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،ہم نے ہر ممکن حد تک عوام کو کورونا سے بچانے کا سامان مہیا کرنا ہے،عوام کی اصل مدد یہ بھی ہے کہ وہ کورونا سے بچاؤ کی احتیاط پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے ایک لاکھ کٹس بنائی جارہی ہیں جو عوام میں تقسیم کی جائیں گی،اس کٹ میں ماسک، سینیٹائزر، صابن ہے،کٹ میں عوام کے لئے ہدایت نامہ بھی ہے،اس کٹ کا مقصد قوم کو کورونا کے خلاف جنگ کے لئے تیار کرنا ہے،اس کٹ کے ذریعے ان کی رہنمائی کا فریضہ بھی ادا ہوگا، ایک آگاہی پھیلے گی،یہ کٹس ہم ہر صوبے اور ہر شہر کو بھجوانے کا سلسلہ شروع کررہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ قائد مسلم لیگ نواز شریف کی ہدایت پر عوام کی خدمت کا عمل جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہاکہ انسانوں کی خدمت کرنے سے اللہ تعالی بیحد خوش ہوتا ہے،یہ موقع ہے کہ ہم انسانوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اور اللہ تعالی کو راضی کرلیں،دیہاڑی، دار مزدور اور کمزورطبقات بہت برے حالات میں ہیں،معاشی حالات سے تنگ افراد کی خودکشیوں کی اطلاعات باعث تشویش ہیں،ایسے اندوہناک واقعات قابل افسوس ہیں،خود کشی خدانخواستہ عوام کو درپیش مشکل حالات کی نشاندہی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی انشا اللہ ہمارے شامل حال ہوگا،اللہ تعالی ہم سب کو پناہ میں رکھے گا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کے لئے مزید حفاظتی لباس فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ حالیہ حالات کا تقاضا ہے کہ ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کی حفاظت یقینی بنائیں،اس وقت ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے کی زندگی قوم کی زندگی ہے۔ ڈاکٹرز ہمارے فرنٹ لائن سولجرز ہیں۔