وفاقی حکومت نے ری فنڈز کی ادائیگی کیلئے 100 ارب روپے جاری کردئیے
اسلام آباد:وفاقی حکومت نے ری فنڈز کی ادائیگی کیلئے 100 ارب روپے جاری کردئیے ہیں۔جمعہ کویہاں جاری بیان میں مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ انہوں نے کہاکہ کوروناوائرس کی وباء کے اثرات سے نمٹنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کی طرف سے اعلان کردہ 1240 ارب روپے کے امدادی پیکج کے تحت فنانس ڈویژن نے ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگی کے ضمن میں دواپریل تک 100 ارب روپے جاری کئے ہیں۔ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ مشکل کے اس وقت میں تجارت اورروزگارکے تحفظ کیلئے یہ موجودہ حکومت کے ایسے اقدامات ہیں جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ بڑے پیمانے پرٹیکس ری فنڈکی ادائیگی کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کے امدادی پیکج کا مقصدصنعتوں کوسرمایہ کی فراہمی میں مشکلات اورچیلنجوں پرقابوپانے میں مددفراہم کرناہے۔سرمایہ کی فراہمی میں بہتری سے کمپنیوں کواپنے ملازمین کوبروقت تنخواہوں کی ادائیگی میں مدد ملے گی۔ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ 31 مارچ 2020ء تک کے تمام ٹیکس ری فنڈز کی ادائیگی ہوگئی ہے جن میں غیربرآمدی شعبے کوجی ایس ٹی ری فنڈ کی مد 52 ارب روپے کی ادائیگی شامل ہے،برآمدی صنعتوں کوفاسٹرنظام کے تحت 10 ارب روپے دئیے گئے ہیں، ڈیوٹی ڈرابیک کی مد میں 15 ارب روپے کی ادائیگی کی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ مقامی ٹیکسوں اورلیویزکے ڈرابیک (ڈی ایل ٹی ایل) کی مد میں 20.5 ارب روپے جاری کئے گئے ہیں۔ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہاکہ جاری مالی سال کے دوران ٹیکس ری فنڈز کی مدمیں کل 163 ارب روپے جاری کئے گئے، یہ شرح گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلے میں 61.4 فیصدزیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں اس مدمیں کل 101 ارب روپے جاری کئے گئے تھے۔