کسی کو فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی قطعا” اجازت نہیں دینگے،شہر یار آفریدی

کوہاٹ،وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار خان آفریدی نے سختی سے کہا ہے کہ ملک میں کسی کو فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی قطعا” اجازت نہیں دینگے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز ملک کے سب سے بڑے تبلیغی مرکز کوہاٹ کے ایک نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات کے دوران کوہاٹ تبلیغی مرکز کوہاٹ کے امیر سمیت خصوصی نمائندگان اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالرحمن بھی شریک تھے۔ شہریار نے کہا کہ تبلیغ کی تحریک نے مسلمانوں کو تقسیم سے بچا کر متحد کیا ہے۔ تبلیغی جماعت ایک انتہائی پر امن اور انسانیت دوست جماعت ہے جو کبھی رنگ نسل اور مسلک کی جنگ میں نہیں پڑی۔ تبلیغی جماعت دین اور اسلامی روایات کی محافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مسلمان اور پاکستانی ہیں، کسی بھی مسلک کو کرونا سے جوڑ کر ملک میں انارکی نہ پھیلائی جائے۔ ہم سب نے ملکر اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔شہریار آفریدی نے تبلیغی جماعت سے اظہار یکجہتی اور انکی اسلام کیلئے خدمات پر تبلیغی جماعت کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے کل ہی مولانا طارق جمیل سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے انہیں پورے تعاون کا یقین دلایا ہے اور تبلیغی جماعت کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ وزیر مملکت نے اس موقع پر تبلیغی جماعت کے تمام تحفظات سنے اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں