مساجد میں قیام پذیر تبلیغی جماعتوں کو انہیں مساجد میں قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد، مساجد میں پھیلی تبلیغی جماعتوں کو انہیں مساجد میں قرنطینہ میں رکھنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں مرکز اور چاروں صوبوں کے ریلیف اور انتظامیہ سے متعلق اعلیٰ حکام نے شرکت کی، اجلاس میں ملک بھر میں پھیلی تبلیغی جماعتوں کی اپنے اپنے گھروں کو واپسی اور کورونا وائرس کے پھیلا ومیں ان کے کردار پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں شریک ایک اعلیٰ افسر کے مطابق وفاقی اور چاروں صوبائی حکومتوں نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ تبلیغی جماعتیں جو ملک کے کونے کونے میں پھیلی ہوئی ہیں اور تبلیغ کے عمل میں مصروف ہیں، ان تمام تبلیغی جماعتوں کو ان مسجدوں کے اندر قرنطینہ کر دیا جائے گا جن میں یہ پہلے سے ٹھہری ہوئی ہیں، اس فیصلے کے بعد ملک میں ان تمام مساجد کو قرنطینہ قرار دیا جائے گا جہاں تبلیغی جماعتیں مصروف ہیں۔اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق رائے پایا گیا کہ تبلیغی جماعتوں کو انتہائی عزت و احترام کے ساتھ ان کے گھروں کو واپس بھجوایا جائے گا جس میں چاروں صوبائی حکومتیں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں گی۔