کرونا وائرس: ملک بھر میں کرونا سے اموات کی تعداد 45 ہوگئی، کیسز 2ہزار 881ہو گئی
خیبر پختون خوا کے تفریحی مقام ضلع سوات میں گزشتہ رات مزید 2 افراد کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد اس وائرس سے سوات میں مرنے والوں کی تعداد 3 ہو گئی ہے۔دنیا بھر میں کورونا مریض 12 لاکھ سے زائد، اموات 64727
ڈپٹی کمشنر سوات ثاقب رضا کے مطابق جاں بحق افراد کا تعلق تحصیل بحرین کے علاقے کالا کوٹ اور مینگورہ کے نواحی علاقے رحیم آباد سے تھا۔دونوں افراد کو سیدو شریف اسپتال کے آئیسو لیشن وارڈ میں داخل کیا گیا تھا، تاہم گزشتہ رات دونوں متاثرہ افراد جاں بحق ہو گئے، جاں بحق افراد کو رات ہی سپردِ خاک بھی کر دیا گیا ہے۔ملک کے مختلف اسپتالوں میں کورونا وائرس کے 2 ہزار 665 مریض زیرِ علاج ہیں، 170 مریض صحت یاب ہو کر اپنے گھروں کو لوٹ چکے ہیں جبکہ 18 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے پنجاب سر فہرست ہے جہاں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1163 ہو چکی ہے۔سندھ میں کورونا وائرس کے اب تک 864 کیسز، خیبر پختون خوا میں 372، گلگت بلتستان میں 206، بلوچستان میں 186، اسلام آباد میں 78 اور آزاد جموں کشمیر میں 12 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ملک میں کورونا وائرس سے اب تک 45 اموات ہوئی ہیں جن میں سے سندھ میں 15، خیبر پختون خوا میں 14، پنجاب میں 12، گلگت بلتستان میں 3 اور بلوچستان میں 1شخص کورونا کے باعث جاں بحق ہوا ہے۔حکومت نے وائرس سے بچاؤ کے قومی ایکشن پلان کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے جس میں رواں ماہ کے آخر تک ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 50 ہزار تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 25 اپریل تک کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی سہولت بڑھائی جائے گی۔