افغان صوبہ زابل میں ٹریفک حادثہ،14افراد جاں بحق،12 زخمی
کابل:افغانستان کے جنوبی صوبہ زابل میں ٹریفک کے المناک حادثہ میں 14 افغان شہری جاں بحق اور 12 دیگر زخمی ہوگئے۔ تمام جاں بحق و زخمی افراد مزدور تھے جو ہفتہ وار تعطیل کے لئے اپنے گھروں کو جارہے تھے۔افغان اور غیرملکی میڈیا نے جنوبی صوبہ زابل کے گورنر گل اسلام سیال کے حوالے سے بتایا ہے کہ یہ المناک حادثہ گزشتہ روز افغان دارالحکومت کابل کو قندھار سے ملانے والی مرکزی شاہراہ پر زابل کے صدر مقام قلات کے علاقے جگ دلک میں پیش آیا جہاں ایک بس اور ٹرالر کا تصادم ہوا۔ گورنر کے مطابق حادثہ میں بس ڈرائیور سمیت 9 افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ 5 افراد نے بعدازاں ہسپتالوں میں زخموں کی تاب نہ۔لاکر دم توڑدیا۔سیال کے مطابق حادثہ میں 12 دیگر زخمی ہوگئے جو مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جاں بحق و زخمی افراد مزدور تھے جو صوبہ ہلمند سے ہفتہ وار تعطیل منانے اپنے گھروں کو جارہے تھے


