پاک ایران تجارتی حجم کو بڑھانے کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے، شیخ جعفر مندوخیل

کوئٹہ (آن لائن)گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاک ایران تجارتی حجم کو بڑھانے کے لئے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تجارتی تعلقات وقت اور حالات کی اہم ضرورت ہے اس حوالے سے تمام ممالک کو موجودہ صورتحال کا ادراک کرناہوگا۔ بزنس کمیونٹی ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ اس لئے ہمیں مقامی صنعت کاری کے فروغ کو ممکن بناکر لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی معیشت کو مضبوط بنانا ہوگا کیونکہ تاجر ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پرپاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسڑی کے نو منتخب صدرجاوید رحیم پراچہ،سینئر نائب صدرسید علی رضا رضوی،نائب صدر میر عطا اللہ مینگل،گروپ چیئرمین ولی محمد نورزئی،سابقہ کابینہ اراکین حاجی رفو گل بڑیچ، قاری نعیم الرحمن،ملک ندیم کاسی، اسد نورزئی، حاجی سلام،ڈاکٹر فرحت حسین، تاج محمد بڑیچ ، ماسٹر نادر، چوہدری رفعت، نعیم رمضان ، خواتین چیمبر کی صدر شرمین یونس ، فرزانہ کریم بلوچ سمیت دیگر بھی موجود تھے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے چیمبر کے سابق عہدیداران کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے نومنتخب عہدیداران اور ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے حالات کو بہتر بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔انہوںنے کہا کہ بزنس کمیونٹی نہ صرف ملک اور صوبے کی معاشی خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے بڑی تعداد میں لوگوں کو روزگار بھی فراہم کر رہی ہے۔اس لئے بزنس کمیونٹی کو ہر شعبے کو مضبوط اور موثر بناتے ہوئے اس کو وسعت دینے میں اپنا کردار ادا کر تے ہوئے آگے بڑھنا ہوگا کیونکہ میں ہمیشہ سے بزنس کمیونٹی کے ساتھ کھڑاہوں۔ جہاں بھی ان کی ضرورت ہوگی، وہ بزنس کمیونٹی کے ساتھ موجود ہوں گے اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔انہوںنے کہا کہ شاہراہوں کا تحفظ ایک بڑا چیلنج ہے تاہم اس حوالے سے سیاسی مذاکرات اور سکیورٹی اقدامات دونوں کو ضرورت کے مطابق بروئے کار لایا جائے گاتاکہ اس صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم پاکستان کو بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کے دیرینہ مسائل کے حل ٹیکس میں کمی کیلئے جو بھی مثبت تجاویز دیں انہوں نے فوری طور پران پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے پراپرٹی ٹیکس کو ریئل لیول پر لانے کے لئے ٹیکس میں کمی کی اور بزنس کمیونٹی کے جو بھی مسائل ہیں ان کے حل اور ایران کے ساتھ تجارت کے فروغ کو بڑھانے کے لئے جو بھی تجاویز دیں گے اس پر عملدرآمد کرائیں گے میں ایران کے قونصل جنرل سے ملاقات کروں گا ہم نے اپنے لوگوں اور کاروباری حضرات کی سہولت کے لئے گوادر اور تربت کے لئے فلائٹ سروس شروع کرائی ہے اور اب آذربائیجان کے ساتھ ساتھ ژوب ، ملتان کے لئے بھی فلائٹ سروس شروع کروارہے ہیں جس سے ہمارے لوگوں کو تجارتی سرگرمیوں کے لئے آنے جانے میں آسانی میسر آئے گی انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی اور چیمبرز کو اپنے ورکنگ ریلیشن بڑھانے چاہئے تاکہ مل جل کر کام کریں تقسیم ہمیشہ ہماری یکجہتی کو کمزور کرتی ہے لیکن ہم نے کمزوری کو ختم کرکے متحد ہوکر اپنے لوگوں کی بہتری اور مسائل کے حل کیلئے کام کرنا ہے انہوں نے بتایا کہ یورپ کے ویزوں کے حصول کے لئے جیریز اپنا دفتر یہاں فعال بنارہی ہے جس سے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔ قبل ازیں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کو کو گروپ چیئرمین ولی محمد نورزئی نے گولڈ میڈل پہنایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں