مولانا فضل الرحمن چندے کی رقم سے کچھ کورونا ریلیف فنڈ میں بھی جمع کرائیں‘فیاض چوہان

لاہور، صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے حکومت کو راشن عوام کی دہلیز تک پہنچانے کا مشورہ پڑھ کر خوشی ہوئی۔ وزیرِ اطلاعات نے کہا کہ اس سے پہلے مولانا فضل الرحمان کی جانب سے صرف ایسے بیانات سامنے آتے تھے کہ انہیں وزیرِ اعظم بنایا جائے، انکی آل اولاد کو ایم پی اے، ایم این اے، سینیٹر بنایا جائے۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ماضی میں مولانا فضل الرحمان جب کبھی خود اسمبلی کا حصہ نہیں ہوتے تھے تو سسٹم کو لپیٹنے اور بند کرنے کی بات کرتے تھے۔ فیاض الحسن چوہان نے یہ بھی کہا کہ کیا ہی اچھا ہوتا اگر مولانا یہ کہتے کہ عوام کی دہلیز تک راشن وہ خود پہنچائیں گے۔ وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ ادوار میں اپنے اہل و عیال سمیت سیاست کے ذریعے اربوں روپے کمائے ہیں۔ لانگ مارچ میں بھی مولانا نے آصف زرداری، شریف برادران اور اپنے مریدین سے اربوں روپے فنڈز اور چندے کی مد میں اکٹھے کیے۔ مولانا کو چاہیئے کہ اس رقم میں سے چند کروڑ روپے وزیرِ اعظم کے کرونا ریلیف فنڈ میں بھی جمع کرائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں