سٹاف میں کرونا وائرس کی تصدیق کے بعد بھارت کے تین اسپتال بند

نئی دہلی:بھارت کے سب سے بڑے شہروں دارالحکومت نئی دہلی اور ممبئی میں تین ہسپتالوں کو اس وقت بند کرنا پڑا جب ان میں موجود سٹاف میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔کوئی بھی ان ہسپتالوں میں داخل نہیں ہو سکتا نہ ہی باہر جا سکتا ہے جب تک اس کا ٹیسٹ منفی نہ آ جائے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ممبیئی میں ووکہارٹ ہسپتال میں 50 سے زائد سٹاف ممبرز میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ شہر کے مشہور نجی ہسپتال جسلوک ہسپتال میں دس نرسوں کے ٹیسٹ مثبت آئے۔ادھر نئی دہلی میں مشہور سرکاری ہسپتال جو کینسر کے علاج کے لیے مشہور ہے کو اس وقت بند کرنا پڑا جب عملے کے 18 اراکین میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی جن میں نرسیں اور ڈاکٹر بھی شامل تھے۔دہلی کے سٹیٹ کینسر انسٹیٹیوٹ میں عملے کے 50 اراکین کو قرنطینہ میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔اس خبر سے انڈیا میں خدشات بڑھ گئے ہیں کیونکہ پہلے ہی ملک میں صحت کے نظام کی خستہ حالت کے حوالے سے پریشانی پائی جاتی ہے۔ خدشہ ہے کہ عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے یہاں ڈاکٹروں، بستروں اور وینٹی لیٹرز کی کمی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں