اگلے ہفتے سے ایئرپورٹس پر پروازیں آئیں گی، اسد عمر
اسلام آباد،وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے ملک کے دیگر ایئرپورٹس پر بھی بین الاقوامی پروازیں آئیں گی۔ بدھ کو وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں اسد عمر نے کہاکہ بیرون ملک موجود کئی پاکستانیوں کی خواہش ہے کہ وہ وطن واپس آئیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح وہ پاکستانی ہیں جو قلیل مدت کے ویزا پر گئے یا وہ جن کی بیرون ملک کی نوکری ختم ہوگئی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرون ملک سے پاکستانیوں کی واپسی کے ساتھ ملک میں جو وبا پھیل رہی ہے اور 21 کروڑ پاکستانیوں کی صحت سے متعلق بھی سوچنا ہے۔انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں ایک پلان بنایا گیا تھا، کیسے باہر سے پاکستانیوں کو لایا جائے، انہیں یہاں رکھا جائے اور کورونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جائیں۔اسد عمر نے کہا کہ اس کے بعد بیرون ملک سے پروازوں کی آمد کے حوالے سے فیصلہ کرنا تھا، پہلے ہفتے میں فلائٹس صرف اسلام آباد ایئر پورٹ پر اتریں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والوں کے ٹیسٹنگ کے حوالے سے پہلی پرواز کے بعد سے مسلسل تبدیلیاں کی گئیں، جس سے بہتری آئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس حوالے سے نیشنل کورآرڈی نیشن کمیٹی(این سی سی) کی میٹنگ میں بات ہوئی، تمام صوبوں کے ایئرپورٹس کو شامل کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آگے کے انتظامات مکمل ہیں، اس سارے عمل کا مقصد بیرون ملک سے پاکستانیوں کی آمد کو جاری رکھنا اور یہ یقینی بنانا ہے کہ اس سے وبا مزید نہ پھیلے۔