نیوزی لینڈ، بارشوں سے کئی علاقے زیر یاب، ایمرجنسی نافذ

کرائسٹ چرچ:نیوزی لینڈ میں موسلا دھار بارشوں اور سیلاب نے کنٹربری ریجن میں تباہی مچادی، شدید بارشوں سے کئی علاقے زیر آب آگئے،پانی گھروں میں داخل ہوگیا، سیلابی ریلے پلوں کو بھی بہا کر لے گئے جس کے باعث حکومت نے سٹیٹ آف ایمر جنسی نافذ کر کے کنٹربری ریجن میں امدادی کاموں کیلئے فوج کو طلب کرلیا، محکمہ موسمیات نے کل منگل کو بھی بارش جاری رہنے کا امکان ظاہر کر دیا جس پر حکومت نے لوگوں سے غیر ضروری سفر نہ کر نے کی اپیل کی ہے۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ جمعہ سے شروع ہونے والی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا جس کی وجہ سے نیوزی لینڈ کے ساؤتھ آلینڈ کے کنٹربری ریجن میں سیلاب نے تباہی مچادی۔کنٹری بری ریجن میں حکومت نے سیلاب کے پیش نظر سٹیٹ آف ایمر جنسی نافذ کر تے ہوئے امدادی کاموں کیلئے فوج کو طلب کرلیا، سیلاب کی وجہ سے کنٹری بری ریجن کے مختلف علاقے ایشبرٹن، سیلون، ٹمرو اور وائماکریری اور ہزاروں گھر سیلاب کی وجہ سے زیر آب آگئے ہیں جس کی وجہ سے ان علاقے کے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تاہم ابھی تک کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔محکمہ سول ڈیفنس نے کرائسٹ چرچ اور کنٹر بری کے دیگر علاقے کے لوگوں کو خبر دار کیا ہے کہ وہ ان علاقوں کا سفر نہ کریں۔حکام کے مطابق سیلاب کی وجہ سے سڑکوں زیر آب آگئیں اور دریاؤں میں طغیانی آگئی اور دریاؤں پر بہتے متعدد پل پانی میں بہہ گئے،سیلابی پانی کی وجہ سے کر ائسٹ چرچ موٹر وے کو بھی بند کر دیا گیا ادھر کنٹربری ریجن کے مین شہر کرائسٹ چرچ کے متعدد علاقے موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔کرائسٹ چرچ سٹی کے مشرقی علاقے میں بارشوں کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے کچھ سٹریٹس کو بند کر دیا گیا اور لوگوں کو گھروں سے بحفاظت نکا لیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ سے شروع ہونے والی بارش چار روز گزر نے کے باوجود تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے اور محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بارشوں کا سلسلہ (آج)منگل کو بھی جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے کرائسٹ چرچ اور کنٹری بری ریجن کے دیگر علاقے کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور گھر میں ہی رہیں جب تک بارشوں کا یہ سلسلہ ختم نہیں ہو جاتا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں