جاپانی سفیر کی ملاقات، پنجاب میں سرمایہ کاری کے مفیدمواقع موجود ہیں، مریم نواز
لاہور (صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازسے جاپانی سفیر واڈا متسوہیرو نے ملاقات کی، تجارت، کاروبار اور سرمایہ کاری کے تعلقات مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب اور جاپان کے درمیان ثقافتی اور تعلیمی وفود کے تبادلوں کا جائزہ طلبہ کے فیکلٹی پروگراموں کو فروغ دینے پر اصولی اتفاق پنجاب اور جاپان تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے اشتراک کارکر سکتے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ جاپانی کمپنیوں کیلئے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مفیدمواقع موجود ہیں، پنجاب بڑی کنزیومر مارکیٹ کے طورپرابھر رہا ہے، پنجاب کی سکلڈ نوجوانوں کی افرادی قوت جاپانی اداروں میں بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کرسکتی ہے۔ جاپانی سفیر واڈا متسوہیرو نے اپنی گفتگو میں کہا کہ دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے دونوں ممالک کے عوامی رابطے ناگزیر ہیں، جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ اشتراک کار کے لئے پرعزم ہیں۔انہوں نے کہا کہ گیارہ پاکستانی طلبا ماسٹرزوڈاکٹریٹ کی ڈگریوں کے لیے MEXT سکالرشپس پر جاپان میں زیر تعلیم ہیں، پاکستان میں عوامی سماجی بہبود کے لیے جاپان کے متعدد پراجیکٹ جاری ہیں۔


