مولانا کی جماعت کے رہنما وضاحتیں دے رہے ہیں، مولانا خود وضاحت کریں توبات آگے بڑھے گی، طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ شہداء اور ریاست سے متعلق اپنے بیان کی مولانا فضل الرحمان خود وضاحت کریں تو ہی بات آگے بڑھے گی۔پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں طلال چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے شہداء اور ریاست کے بارے میں جو باتیں کیں، ان کی وضاحت خود انہیں دینی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مولانا کی جماعت کے رہنما وضاحتیں دے رہے ہیں، مولانا خود وضاحت کریں توبات آگے بڑھے گی، اُن کی شہداء اور ریاست کے بارے میں کہی گئی باتیں تاریخ میں بیان ہوتی رہیں گی۔وزیر مملکت داخلہ نے مزید کہا کہ وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے ابھی بہت کم بات کی ہے، بہت کچھ کہنا چاہتے ہیں، موقع آنے پر کہیں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن کسی کے آئینی، قانونی اور انسانی حقوق پر سمجھوتا نہیں ہوگا۔ طلال چوہدری نے یہ بھی کہا کہ خواتین کے علاج اور ملاقات کے معاملے پر حکومت کوئی کوتاہی نہیں برت رہی ہے۔ اپوزیشن لیڈر سینیٹ نے خواتین کے علاج اور ملاقات سے متعلق مزید درخواستیں دی ہیں۔


